ممبئی،،10؍جولائی (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )رواں ماہ کے آخر میں شروع ہو رہے سری لنکا کے دورے کے لیے اتوار کو ہندوستا ن کی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیاہے۔اسٹار بلے باز روہت شرما اور تیز گیند باز محمد سمیع کو ٹیسٹ ٹیم میں واپس بلا لیا گیا ہے۔انڈین ٹیم 26؍جولائی سے 6 ؍ستمبر کے درمیان سری لنکا کے دورے پر رہے گی۔اسی سال فروری میں آسٹریلیا کے خلاف چار میچوں کی ٹیسٹ سیریز سے باہر رکھے گئے روہت اور سمیع سری لنکا دورے پر مڈل آرڈر کے بلے باز کرون نائر اور آل راؤنڈر جینت یادو کی جگہ لیں گے۔ہاردک پانڈیا کو بھی ون ڈے میچوں میں اچھی کارکردگی کا انعام ملا ہے اور ایم ایس کے پرساد کی قیادت والی سلیکشن کمیٹی نے آل راؤنڈر کے طور پر ان کو ٹیم میں برقراررکھا ہے۔
انہیں گزشتہ سال نومبر میں انگلینڈ کے خلاف بھی ٹیم میں لیا گیا تھا ،لیکن دائیں کندھے میں چوٹ لگنے کی وجہ سے وہ بعد میں ٹیم سے ہٹ گئے تھے۔پیٹھ میں درد کی وجہ سے گزشتہ کچھ وقت سے باہر چل رہے سلامی بلے باز کے ایل راہل کی بھی واپسی ہوئی ہے اور وہ مرلی وجے کے ساتھ اننگ کا آغاز کریں گے۔سلیکٹرو ں نے حالانکہ شیکھر دھون کو نظر انداز کیا ہے، جنہوں نے چمپئنز ٹرافی اور ویسٹ انڈیز کے دورے میں کچھ اچھی اننگ کھیلی تھی۔تمل ناڈو کے ابھینومکند کو تیسرے سلامی بلے باز کے طور پر برقرار رکھا گیا ہے۔
مکند کو جنوبی افریقہ کے دورے کے لیے ہندوستان کی اے ٹیم میں بھی منتخب کیا گیا ہے لیکن اب ان کا اس میں کھیلنا مشکوک ہے، کیونکہ سری لنکا میں ٹیسٹ سیریز 26؍جولائی سے 16؍اگست تک جاری رہے گی، جبکہ جنوبی افریقہ کے خلاف ہندوستان اے کا چار روزہ میچ 12؍اگست سے شروع ہوگا۔وراٹ کوہلی کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم اس دورے پر سری لنکا کے خلاف تین ٹیسٹ میچ، پانچ بین الاقوامی ایک روزہ میچ اور ایک بین الاقوامی ٹی- 20میچ کھیلے گی۔پہلا ٹیسٹ میچ گالے میں، دوسرا کولمبو میں اور تیسرا ٹیسٹ کینڈی میں کھیلا جائے گا۔